سرینگر//
سیاحتی مقام گلمرگ کے کھلن مرگ میں جمعرات کو بھاری بھر کم برفانی تودا گر آیا جس نے غیر ملکی اسکائرز کے ایک گروپ کو اپنی زد میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق برفانی تودے کی زد میں۶غیر ملکی اسکائرز آئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح کی موت واقع ہوئی،پانچ کو بچایا گیا جبکہ ایک لاپتہ ہے ۔
اطلاعات کے مطابق شہرہ آفاقی گلمرگ کے کھلن مرگ علاقے میں جمعرات کو ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کی زد میں غیر ملکی اسکائرز کا ایک گروپ آیا۔
معلو م ہوا ہے کہ نصف درجن کے قریب غیر ملکی اسکائرز برفانی تودے کے نیچے زندہ دفن ہوئے اس بیچ انتظامیہ ، فوج اور پولیس نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران برف میں پھنسے نصف درجن کے قریب اسکائرز کو فوری طورپر ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا ۔
ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی سیاح ہنوز لاپتہ ہے جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔
دریں اثنا مقامی اسکائر منظور احمد نے گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ جمعرات بارہ بجے مقامی اسکائرتنویر جس کے ساتھ اپنا ایک گروپ تھا نے فون پر اطلاع دی کہ کھلن مرگ میں ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی اسکائرز برف کے نیچے دب گئے ہیں۔
احمد نے بتایا کہ مقامی اسکائرز نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور موقع پر ہی پانچ غیر ملکی اسکائرز کو برف سے باہر نکالا ۔انہوں نے کہاکہ ایک غیر ملکی اسکائرکی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے اور ابتدائی طورپر بتایا جارہا ہے کہ وہ روس سے تعلق رکھتا ہے ۔
احمد نے گلمرگ انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ جاتے تھے لیکن گنڈولہ سے وابستہ آفیسران نے مقامی اسکائرز کو ٹکٹ خریدنے کو کہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی اسکائرز کو گنڈولہ کی ٹکٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا لیکن جب سے انہیں ٹکٹیں خریدنے کو کہا گیا وہ غیر ملکی اسکائرز کے ساتھ جانے سے قاصرہیں۔
احمد نے دعویٰ کیا کہ اگر مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ہوتے تو وہ غیر ملکی اسکائرز کے گروپ کو کھلن مرگ کے پر خطر علاقے میں جانے نہیں دیتے ۔
انہوں نے مزید بتایاکہ مقامی اسکائرز کو گلمرگ کے سبھی علاقوں کے بارے میں پوری علمیت ہیں ۔
اس دوران حکومت کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ محکمہ سیاحت جموں کشمیر اور جموں و کشمیر پولیس کے گلمرگ سکی پیٹرول کے درمیان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں گلمرگ کی اونچی جگہوں پر برفانی تودے گرنے کے بعد چھ روسی سکائیروں اور ایک مقامی گائیڈ پر مشتمل ایک گروپ کو کامیابی سے بچایا گیا۔
بیان کے مطابق ریسکیو ٹیم کی دلیرانہ کوششوں کے باوجود ایک روسی سکائیر برفانی تودے کی زد میں آکر اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اِس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور تعزیت مرحوم کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ برفانی تودے گرنے کی جگہ کونگ ڈوری علاقے سے بہت دور واقع ہے جہاں اس وقت چوتھے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز جاری ہیں۔ اِس واقعے سے جاری کھیلوں کے مقابلوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔
بچائے گئے افراد فی الحال ضلعی اِنتظامیہ کی نگرانی میں ہیںاور اُنہیں بنیادی طبی علاج مل رہا ہے۔ ایک اسکائر کو معمولی چوٹیں آئیں لیکن اس کی حالت مستحکم ہے اور وہ مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ریسکیو ٹیم، سکی پیٹرولنگ اور پولیس کے ردِّعمل اور مربوط کوششوں نے اس ناخوشگوار واقعے سے متاثرہ اَفراد کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے میں اہم کردار اَدا کیا۔