سرینگر//
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کو سرینگر میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں تلاشی لی۔
ایک سرکاری ترجمان کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اے سی بی نے انسپکٹر (ایس) امت کمار کول کی آمدن سے زائد جائیداد کی وجہ سے دفعہ۱۳ (۱) (بی) پی ایس اے سی بی سینٹرل، جموں و کشمیر، جموں کے تحت ایف آئی آر نمبر۰۱/۲۰۲۴ کے تحت ایک معاملے کے سلسلے میں سرینگر میں تلاشی لی۔
بیان میں کہا گیا ہے’’قابل بھروسہ اطلاعات کی بنیاد پر اے سی بی کی ٹیم نے فوری طور پر بھٹ گیسٹ ہاؤس، راج باغ، سرینگر میں تلاشی لی، جہاں انسپکٹر (ایس) امت کمار کول کے زیر استعمال کمرے سے مختلف برانڈز کی شراب کی۵۸ بوتلیں برآمد ہوئیں‘‘۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تلاشی ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شراب کی اتنی بڑی کھیپ سامنے آنے کے بعد معاملہ باضابطہ طور پر ایس ایچ او پی ایس راج باغ سرینگر کو بھیج دیا گیا تاکہ ایف آئی آر کے ذریعے الگ قانونی کارروائی شروع کی جا سکے۔