جموں//
وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت سے خوش جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے چہارشنبہ کے روز آئندہ انتخابات میں جموں و کشمیر اور لداخ کی سبھی چھ لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا اعتماد ظاہر کیا۔
مودی نے منگل کے روز جموں کا دورہ کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے شہر میں ایک ریلی سے بھی خطاب کیا۔
’’جموں و کشمیر اور لداخ کے سبھی چھ لوک سبھا حلقوں میں تیاریاں جاری ہیں اور ہم اپنی طاقت کے بل بوتے پر انتخابات لڑیں گے‘‘۔
رینا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم ان تمام سیٹوں پر عوام کی حمایت سے جیتیں گے جو مودی کو اپنا ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو یقین ہے کہ عوام پورے دل سے مودی کی حمایت کریں گے جنہوں نے سابق ریاست کے تینوں علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقی کے لئے اپنی حکومت کے خزانے کھولے ہیں اور لوگوں کو انصاف فراہم کیا ہے ، خاص طور پر ان لوگوں کو جو گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حقوق سے محروم ہیں۔
رینا نے ڈاکٹرفاروق عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے صدر نے وزیر اعظم کے کاموں کی تعریف کی جس کی جتنی بھی سراہنا کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے پچھلے ستر سالوں سے جموں وکشمیر کو لوٹا ، دلتوں، گورکھا سماج ، گوجر بکروال ، والمیکی سماج ، پہاڑی اور کشمیر یوں کے حقوق پر شب خون مارا گیا لیکن مودی جی کی قیادت میںمرکزی حکومت نے یہاں کے لوگوں کوانصاف فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جتنے بھی فنڈس واگزار کئے جاتے وہ یہاں کے حکمرانوں کی جیبوں میں چلے جاتے تھے ۔
بی جے پی یونٹ صدر کے مطابق لوٹ کھسوٹ ، نا انصافیوں پرقدغن لگاکر موجودہ مرکزی حکومت نے فنڈس کو تعمیر وترقی کے کاموں پرصرف کیا جو کہ سب کے سامنے عیاں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے ستر سالوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں پر جو ظلم و زیادتی کی گئی اُس پر اب ایک فلم بھی بنائی گئی ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے نریندرمودی کی تعریف کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رویندر رینا نے کہاکہ ہم اس کے لئے فاروق صاحب کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے سیاسی حریف نے مودی جی کی دل کھول کر تعریف کی جس کی جتنی بھی سراہنا کی جائے اتنی کم ہے ۔
رینا کے مطابق اس بار کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا کیونکہ لوگوں نے تہیہ کر کے رکھا ہواہے کہ وہ مودی جی کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کریں گے ۔