سرینگر/۲۱فروری
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے اشٹنگو گاﺅں میں ایک دلدوز واقعے میں دو بھائیوں کی ایک دارلعلوم میں ممکنہ طور پر دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی جبکہ ان کا والد ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے اشٹنگو علاقے میں بدھ کی صبح جامع اسلامیہ دارلعلوم فیض العلوم میں دو بھائیوں اور ان کے والد کو بے ہوش پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دارلعلوم کے منتظمین نے ان کو فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں بھائیوں کو مردہ قرار دیا جبکہ ان کے والد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
متوفی بھائیوں کی شناخت منیر احمد چیچی اور تنویر احمد چیچی ساکن ملن گام جبکہ ان کے والد کی شناخت قاسم احمد چیچی کے طور پر ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ قاسم احمد چیچی کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ سے سری نگر ریفر کیا گیا ہے ۔دریں اثنا پولیس نے ایک ایف ایس ایل ٹیم جائے موقع پر روانہ کرکے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی ہے۔