جموں//
وزیر اعظم نریندرمودی کی ریلی میں لوگوں کا سیلاب امڑ آیا تھا ، بھیڑ کا یہ عالم تھا کہ ایم اے اسٹیڈیم کے باہر بھی تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آج للکار ریلی کا بھی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کے ایم اے اسٹیڈیم میں لوگوں سے خطاب کیا۔ریلی میں لوگوں کی تعداد کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ اسٹیڈیم کے باہر بھی لوگ موجود تھے اور پورا علاقہ لوگوں سے کھچا کھچ بھرا رہا۔
انیل شرما نامی سرپنچ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے بہت ساری اسکیموں کا اعلان کیا۔
شرما نے کہاکہ آئی آئی ایم ، آئی آئی ٹی، ایمز اور ریلوے پروجیکٹ کابھی افتتاح کیا گیا۔ان کے مطابق وزیر اعظم مودی کی ریلی میں جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔
کشمیر سے آئے ہوئے ایک وفد نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مودی جی کی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج کی ریلی میں لوگوں کی تعداد سے ماضی کے سبھی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ آج وزیر اعظم مودی نے بہت ساری اسکیموں کا اعلان کرکے لوگوں کو تحفہ دیا ہے ۔
ایک معمر شہری بیکو سنگھ نے کہا ’’وزیر اعظم مودی کی نل سے جل والی بات مجھے بے حد پسند آئی۔‘‘