جے پور//
کانگریس لیڈر سونیا گاندھی راجستھان سے راجیہ سبھا کے لئے بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں۔
اسمبلی سکریٹری مہاویر پرساد شرما نے بتایا کہ بی جے پی کے چنی لال گراسیا اور مدن راٹھور بھی ریاست سے ایوان بالا کیلئے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ منگل کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا۔
افسر نے بتایا کہ چونکہ کوئی دوسرا امیدوار مقابلہ نہیں کر رہا تھا، اس لئے تینوں رہنماؤں کو بلا مقابلہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا۔
لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے پانچ مرتبہ خدمات انجام دینے کے بعد ۷۷سالہ کانگریس لیڈر کی ایوان بالا میں یہ پہلی مدت ہوگی۔ کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ پہلی بار۱۹۹۹ میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں۔
وہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے بعد راجیہ سبھا میں داخل ہونے والی گاندھی خاندان کی دوسری رکن ہوں گی، جو اگست ۱۹۶۴سے فروری۱۹۶۷ تک ایوان بالا کی رکن تھیں۔
۱۵ریاستوں سے راجیہ سبھا کے کل۵۶؍ارکان اپریل میں ریٹائر ہو رہے ہیں اور ان نشستوں کے لئے انتخابات۲۷ فروری کو ہوں گے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۱۵ فروری تھی۔
راجیہ سبھا ارکان منموہن سنگھ (کانگریس) اور بھوپندر یادو (بی جے پی) کی میعاد۳؍ اپریل کو ختم ہورہی ہے۔ تیسری نشست بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کیروڈی لال مینا کے ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد دسمبر میں ایوان سے استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
۲۰۰رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے۱۱۵؍اور کانگریس کے ۷۰؍ ارکان ہیں۔راجستھان میں راجیہ سبھا کی۱۰ نشستیں ہیں۔ نتائج کے بعد کانگریس کے چھ اور بی جے پی کے چار ارکان رہ گئے ہیں۔ (ایجنسیاں)