نئی دہلی//
بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ برطانوی ٹیم کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ ان کو چوتھے میچ کیلئے ریسٹ دیا گیا ہے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی )کے مطابق جسپریت بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے لیے آرام دیا جانا تھا تاہم ان کو کچھ وجوہات کے باعث ان کو تیسرا ٹیسٹ کھیلنا پڑا اب انھیں رانچی میں شیڈول سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آرام کی غرض سے نہیں کھیلایا جائیگا،30 سالہ فاسٹ بائولر دھرم شالہ میں شیڈول سیریز کے پانچواں اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کریں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا،تاہم اس کا انحصار 23 فروری سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے نتائج پر ہو سکتا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم جسپریت بمراہ کے بغیر (آج) منگل کو راجکوٹ سے رانچی کے لئے روانہ ہوگی۔جسپریت بمراہ کو آرام دینے کا فیصلہ بھارتی ٹیم کے ورک لوڈ مینجمنٹ کا حصہ ہے۔
جسپریت بمراہ تاحال برطانوی ٹیم کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کا سب سے زیادہ وکٹ لینے والا بائولر ہے، وہ تین ٹیسٹ میچوں میں 80.5 اوور ز پھینک کر 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج کو بھی وشاکاپٹنم میں دوسرے ٹیسٹ میں آرام دیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کے مطابق جسپریت بمراہ کے متبادل کھلاڑی کا فیصلہ چوتھے ٹیسٹ سے قبل کر دیا جائے گا۔