نئی دہلی//
لیفٹیننٹ گورنر ‘ منوج سنہا نے کہا ہے کہ لوگوں کے اشتراک سے جموں کشمیر ترقی راہ پر گامزن ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آج بسنت پنچمی کے موقعہ پر آج جے اینڈ کے ہاؤس نئی دہلی میں ریذیڈنٹ کمیشن جموں کشمیرکے زیر اہتمام’’جے اینڈ کے سمبھاو اُتسو۔۲۰۲۴‘‘کا آغاز کیا۔
سنہا نے اِنفارمیشن کم فیسلٹیشن ہب ’ہیلو جے اینڈ کے ‘اِفتتاح اور’’جموں کشمیر کو جانیں‘‘کے تھیم پر نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل فوٹوگرافی، مصوری اور گائیکی مقابلے کا آغاز کیا ۔ اِس کے علاوہ جموں و کشمیر کے ریذیڈنٹ کمیشن کے ذریعے شروع کئے گئے مختلف نئے پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا۔
ایل جی کاکہنا تھا’’گزشتہ چند برسوں میںجموںوکشمیر یوٹی میں ترقیاتی منظر نامے میں مکمل تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ جموں و کشمیر میں آبادی کا ایک بڑا حصہ جسے پہلے نظر انداز کیا گیا تھا، کو بااِختیار بنایا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کی شرکت سے جموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جموں کشمیر کو شہری تبدیلی‘اِختراع، سٹارٹ اَپ، زراعت، صنعتی ترقی میں ایک ماڈل کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور اس نے سیاحت میں ایک مقام حاصل کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کی کامیابیاں ملک کیلئے متاثر کن ہیں۔
سنہا نے کہا کہ اَ ب جموں کشمیر یوٹی کو دہشت گردی کے ہاٹ سپاٹ کے بجائے سیاحتی ہاٹ سپاٹ کے طورپر دیکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس۱۱ء۲کروڑ سیاح وارد جموںوکشمیر ہوئے۔ ’’جموںوکشمیر یوٹی میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے‘‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں گریز اور وادیٔ لولاب کو ملک کے سب سے خوبصورت آف بیٹ مقامات کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یوٹی اِنتظامیہ کے اہم اَقدامات پر بھی روشنی ڈالی جس میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی)، مخصوص مصنوعات کیلئے جی آی ٹیگنگ، بہتر مارکیٹ روابط، کسانوں کی استعداد کار میں اِضافہ اور مقامی مصنوعات کو فروغ دینا شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اَگلے چار برسوں میں جموں و کشمیر ملک میں کسانوں کی آمدنی کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہوگا۔
نمائش کے دوران سیاحت، جے کے ٹی پی او، زراعت، باغبانی، اِنفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سمیت متعدد محکمے مختلف طریقوں سے مختلف شراکت داروں کے سامنے اَپنی سرگرمیاں پیش کر رہے ہیں۔
مختلف مصنوعات جن میں او ڈی او پی آئٹمز، ہاتھ سے بنے جی آئی ٹیگڈ قالین، جی آئی ٹیگ والی پشمینہ شال، ریشمی ساڑھیاں، چین سٹیچ، مستند کشمیری سوٹ، پیپر ماشی، کریول ، ووڈ کارونگ وغیرہ شامل ہیں، مہمانوں اور ممکنہ خریداروں کے لئے نمائش کے لئے رکھا گیا ہے ۔
اِس موقعہ پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں و کشمیر کی جانب سے نیا جموں کشمیر شارٹ فلم سازی مقابلے کا بھی آغاز کیا گیا ۔
محکمہ اطلاعات نے فلم سازوں اور جموں و کشمیر کے شہریوں کو مقابلے میں حصہ لینے اور جموں کشمیر میں گزشتہ چار برسوں کی ترقی کو اُجاگر کرنے والی اَپنی مختصر فلمیں پیش کرنے کی دعوت دی۔ جیتنے والوں کو ممبئی میں معروف فلم سازوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقعہ ملے گا۔ مقابلہ۲۸فروری۲۰۲۴ ء تک کھلا رہے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے آج جن سہولیات کا افتتاح کیا ان میں راجا جی مارگ پر افسران کی ٹرانزٹ رہائش، جموں و کشمیر ہاؤس میں آفس کم یوٹیلیٹی ائیریاچانکیہ پوری اور جموں و کشمیر ہاؤس میں فٹنس سینٹر۵ پرتھوی راج روڈ شامل ہیں۔
ایل جی نے ریذیڈنٹ کمیشن جموں کشمیر کے اَفسروں اور حکومت جموں و کشمیر کے تمام متعلقہ محکموں کو مُبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ سات روزہ نمائش جموں کشمیر یوٹی کے ثقافتی فنکارانہ ورثے، ضیافتوں، زراعت اور دستکاری مصنوعات کی بہترین نمائندگی کرے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے’’ سمبھاو اُتسو ‘‘ اورجموں کشمیر کے مستقبل پر بھی روشنی ڈالی جو وِکست بھارت میں اَپنا حصہ اَدا کرنے کے لئے تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ قدیم ورثے کو بحال کرنے اور آنے والی نسلوں کیلئے اسے محفوظ رکھنے کے ہمارے عزم کا اعادہ کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔
سنہا نے کہا کہ ’’ہیلو جے اینڈ کے‘‘اقدام آج شروع کیا گیا ہے جو جموں کشمیر کے نوجوانوں کو آن لائن او رآف لائن دونوں شعبوں کے ڈومین ماہرین سے منسلک کرے گا جس سے علم، معلومات اور مواقع کے وسیع تبادلے میں مدد ملے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ جموںوکشمیر یوٹی باہر رہنے والے جموں وکشمیر کے شہریوں کی تعلیم، اَنٹرپرینیور شپ، معاش، ہیلتھ اینڈ ویلنس، ٹور اور سفری رہنمائی، حفاظت اور سلامتی کیلئے وَن سٹاپ سینٹر ہوگا۔اُنہوں نے اِفتتاحی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں کشمیر کی تبدیلی کے بارے میں بتایا ۔