نئی دہلی//
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کل راجیہ سبھا انتخابات کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں وہ کس ریاست کی نمائندگی کریں گی اس کے بارے میں حتمی فیصلہ آج رات کیا جائے گا۔
سونیا گاندھی۱۹۹۸ سے۲۰۲۲ کے درمیان تقریباً۲۲ سال تک کانگریس کی صدر رہیں اور پانچ بار لوک سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جب وہ راجیہ سبھا انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کریں گی تو ان کے بیٹے راہول گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ان کے ساتھ ہوں گے۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ ریاست سے انتخاب لڑنے کے بارے میں حتمی فیصلہ آج رات تک لیا جائے گا۔اعلی ذرائع نے بتایا کہ راجستھان انتخاب کے معاملے میں’سرفہرست‘ ہے ، لیکن کچھ دیگر ریاستی اکائیوں نے انہیں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی پیش کش کی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ امکان ہے کہ وہ راجستھان کا انتخاب کریں گی کیونکہ ریاست میں پارٹی کے پاس ایک نشست سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہوگئی ہے۔
سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی بھی راجیہ سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اترپردیش کے رائے بریلی سے بار بار لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئی ہیں۔
راجیہ سبھا کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا یہ قدم اس سال اپریل مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اٹھایا گیا ہے۔
کانگریس نے ابھی تک۱۵ ریاستوں کی۵۶ نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۱۵ فروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ راجیہ سبھا کی۵۶ نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا اور ووٹنگ ۲۷ فروری کو ہوگی۔ (ایجنسیاں)