ڈھاکہ//سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ ان کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کورونا سے پاک ہو گئے ہیں۔
منگل کو شکیب آر ٹی پی سی آر اور ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے تھے۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے ایک افسر نے بتایا کہ شکیب جمعہ کو چٹگاوں پہنچیں گے جہاں ان کا میڈیکل اور فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔ اس کے بعد ہی انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ شکیب 11 مئی کو ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ جڑنے والے تھے۔ تاہم کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑا۔
بنگلہ دیش نے ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا تھااور شکیب کی واپسی انجری سے نبردآزما ٹیم کے لیے خوشی کی لہر سے کم نہیں ہے۔ مہدی حسن معراج اور تسکین احمد بالترتیب انگلی اور کندھے کی انجری کے باعث پہلے ہی ٹیم سے باہر ہیں جب کہ ٹیم میں منتخب ہونے کے باوجود شریف الاسلام کی فٹنس پرشکوک برقرارہیں۔
بولنگ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی بلے بازی کو بھی مڈل آرڈر میں شکیب کے تجربے کی ضرورت ہے۔ جنوبی افریقہ میں دو میچوں میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم 53 اور 80 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ شکیب کی جگہ پر کرنے کے لیے ٹیم کو دو کھلاڑیوں کی ضرورت پڑرہی تھی۔ تاہم اب ان کے ٹیم میں آنے کے بعد بنگلہ دیش گھر پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ والی اس سیریز میں سری لنکا کے خلاف اپنے بہتر کارکردگی دکھانا چاہے گا۔
اگر شکیب پہلے ٹیسٹ کے لیے فٹ نہیں ہوپاتے ہیں تو یہ گزشتہ سال دسمبر کے بعد پانچواں موقع ہو گا جب وہ ٹیسٹ میچ سے باہررہیں گے۔ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر نیوزی لینڈ سیریز سے باہر تھے اور خاندان میں کسی کے بیمارہونے کی وجہ سے انہیں جنوبی افریقہ سیریز سے باہر ہونا پڑا تھا۔ ایک سال کی پابندی کے بعد واپسی کرتے ہوئے شکیب نے بنگلہ دیش کی طرف سے کھیلے گئے 11 میں سے صرف تین ٹیسٹ میچوں میں حصہ لیا ہے۔