ممبئی// ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما مڈل آرڈر کے بائیں ہاتھ کے بلے باز تلک ورما سے بہت متاثر ہیں اور انہیں پورایقین ہے کہ وہ جلد ہی ہندوستان کے لیے تینوں فارمیٹس کھیلیں گے۔
روہت نے کہا کہ ان کے پاس تکنیک اور ذہنیت دونوں ہیں اور وہ بہت پرسکون دماغ کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔
تلک نے ہندوستان کے لئے 2020 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلاتھا، جس میں ہندوستان رنر اپ رہا۔ انہیں 2022 میں ممبئی انڈینز نے خریدا اور انہوں نے اپنے پہلے ہی آئی پی ایل سیزن میں کمال کردیا۔ ٹیم کی خراب کارکردگی کے درمیان 19 سالہ تلک نے اب تک 12 اننگز میں 386 رن بنالئے ہیں، جو کسی بھی 20 سال سے کم عمر کے بلے باز کی آئی پی ایل کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے رشبھ پنت کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 2017 میں 366 رنز بنائے تھے۔ فی الحال تلک اس سیزن میں ساتویں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازہیں۔
چنئی سپر کنگز کے خلاف جیت کے بعد روہت نے تلک کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "پہلے ہی سال وہ جو کر رہے ہیں وہ کمال ہے۔ اس عمر میں ہی انہوں نے ذہنیت دکھائی ہے اور بہت پرسکون دماغ کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ جلد ہی ہندوستان کے لئے تینوں فارمیٹس کھیلیں گے۔ کب۔ جب آپ ان سے بات کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان میں کچھ اچھاکرنے اورکامیابی حاصل کرنے کی بھوک ہے۔ وہ درست راستے پر ہیں، انہیں صرف اسی راستے پر چلتے جانا ہے۔”
روہت نے کہا گرچہ ان کی ٹیم اس سیزن میں باہر ہوگئی ہے، لیکن اب وہ باقی میچوں میں مستقبل کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں چنئی کے خلاف ہوئے میچ میں جنوبی افریقہ کے نوجوان کھلاڑی ٹرسٹن اسٹبس کو موقع دیا گیا۔ روہت نے کہا، "یقینی طور پر ہماری نظرمستقبل پرہے، لیکن ہم جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ابھی ہمارے پاس دومیچ اور ہیں، ہم اس میں کچھ اور آپشنز آزما سکتے ہیں۔”
اسٹبس کو موقع دینے کے لیے کیرون پولارڈ کو باہر بیٹھنا پڑا۔ روہت نے کہا کہ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا۔ روہت نے کہا، "پولارڈ ممبئی انڈینز کے لیے ایک واریرس کی طرح ہیں۔ لیکن وہ خود سامنے آئے اور کہا کہ وہ الیون سے باہر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ٹیم دوسرے آپشنز کو آزماناچاہتی ہے۔ اگرہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوتے توشاید ایسا ہوابھی نہیں ہوتا۔ ہم جب ہم اگلے سال کی تیاری کر رہے ہیں، توہمیں دوسرے متبادل کو دیکھنا ہوگا۔”