توصاحبان ‘ مہر بان‘ قدر دان ‘ انجان اور… اور نادان ‘آپ سب تو یہ بات جانتے ہی ہوں گے کہ… کہ بہار کے وزیراعلیٰ‘ نتیش کمار نے روز گزشتہ بہار کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا نویں بار لیا… ایسے لوگوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے جنہیںکمار پر غصہ آرہا ہے… بہت زیادہ غصہ آرہا ہے اور… اور اس لئے آرہا ہے کیونکہ کمار یو ٹرن پر یو ٹرن لئے جا رہے ہیں… اور ہر بار کامیاب بھی ہو تے جا رہے ہیں… کبھی یہ جناب بی جے پی کے ساتھ حکومت بناتے ہیں اور کبھی آر جے ڈی کے ساتھ … بہت سارے انہیں گر گٹ بھی پکار رہے ہیں… اور بھی القا ب کا استعمال بہار کے وزیر اعلیٰ کیلئے کیا جارہا ہے… لیکن صاحب سچ پو چھئے تو… تو نتیش کمار نے خود کو ایک کامیاب سیاستدان ثابت کردیا ہے … کوئی کچھ بھی کہے لیکن سچ تو یہ ہے کہ یہ ذہین نہیں بلکہ بہت ذہین ہیں… آپ کسی کو ایک بار‘ دو بار یا تین بار بے وقوف بنا سکتے ہیں ‘ بار بار نہیں … لیکن کمار کی خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے بی جے پی اور آر جے ڈی کو بار بار اور کئی بار احمق اور بے و قوف بنا دیا ہے… آر جے ڈی کو بے وقوف بنانا تو سمجھ میں آتا ہے… لیکن شریمان مودی جی کی بی جے پی کو بے وقوف بنانا کوئی آسان بات نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے… اور اگر کمار بی جے پی کو بے وقوف … بار بار بے وقوف بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو… تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ایک قابل اور ذہین سیاستدان ہیں… اور ایک ذہین سیاستدان کو ایسے ویسے ناموں اور القاب سے نہ ہی پکارا جائے تو… تو بہتر ہے ۔ کوئی کہہ سکتا ہے کہ کمار کا کوئی اصول نہیں ہے ‘ ان کا کوئی سیاسی نظریہ نہیں ہے… ان کا کوئی دین و ایمان نہیں ہے… یہ ایک قابل بھروسہ سیاستدان نہیں ہیں… بلکہ یہ مفاد پرست سیاستدان ہیں اور… اور یقین کیجئے کہ ہم بھی اس سب سے اتفاق کرتے ہیں… لیکن …لیکن خدا را ہمیں ایک بات بتا دیجئے … یہ بتا دیجئے کہ … کہ کیا سیاست کچھ اور ہے ؟کیا سیاست میں دھوکہ نہیں ہے‘ کیا اس میں فریب نہیں ہے‘ کیا اس میں مکاری نہیں ہے ‘کیا اس میں اپنے مفادات کو ترجیح نہیں دی جاتی ہے‘… اگر کمار وہیں سب کچھ کررہے ہیں جو سیا ست میں ہے‘ جو سیاست ہے تو…تو صاحب اس میں برا ہی کیا… اس میں حرج ہی کیا ہے‘ اس میں گناہ ہی کیا ہے۔ ہے نا؟