سرینگر/۲۴جنوری
وادی کشمیر میں زمستانی ہواﺅں کا زور جاری رہتے ہوئے سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کے آخری ہفتے کے دوران طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ ختم ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 25 سے 27 جنوری تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہونے کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 28 اور 29 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ میدانی و بالائی علاقوں میں بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30 اور 31 جنوری کو بھی ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے جبکہ یکم فروری کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشیں یا برف باری ہوسکتی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ جموں خطے میں درمیانی درج کی دھند 25 جنوری تک چھائی رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ برف باری کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے 28 اور 29 جنوری کو سنتھن ٹاپ، مغل روڈ،سادھنہ پاسم زوجیلا پاس اور راز دان پاس پر بھی ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے ۔
ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہونے سے دوران شب سردیوں کو زور بڑھ گیا ہے ۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو اتھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال سے جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہیں یہاں موجود غیر مقامی سیاحوں میں بھی مایوسی پائی جا رہی ہے ۔
وادی میں برف باری کے لئے دعائیہ مجالس اور نماز استسقا کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔