سرینگر//
جموں کشمیر انتظامیہ نے منگل کو لوگوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جس کیلئے مناسب حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈویڑنل کمشنر کشمیر‘ وجے کمار بدھوری نے منگل کے روز کہا کہ یوم جمہوریہ کی تقریب کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تقریبات میں سرگرمی سے حصہ لیں۔
بدھوری نے منگل کے روز سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ وادی کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال میں استحکام لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ کے اقدامات اور عوام کے تعاون کی وجہ سے ہے۔
بدھوری نے کہا کہ سیکورٹی کے مطلوبہ انتظامات پہلے ہی موجود ہیں۔ یہ صرف لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے تعاون اور ہمارے ایل جی کی قابل رہنمائی کی وجہ سے ہے کہ ہمارے پاس ایسی صورتحال ہے جہاں کسی بھی پابندی کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کاکہنا تھا’’درحقیقت میں لوگوں سے درخواست کروں گا کہ وہ آگے آئیں اور یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شامل ہوں۔‘‘