سرینگر///(ویب ڈیسک)
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں رام مندر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ پیر کو مندر میں بھگوان کی مورتی کی رونمائی کی تقریب ’پران پرتشتھا‘ کے موقع پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت سمیت کئی اعلیٰ شخصیات موجود تھیں۔
وزیر اعظم نے مندر کے افتتاح کے بعد وہاں موجود عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رام صدیوں کے انتظار، تحمل اور قربانی کے بعد آگئے ہیں۔ان کاکہنا تھا’’میں رام سے معافی مانگتا ہوں کہ انہیں اب تک ٹینٹ میں رہنا پڑا تھا مگر اب وہ ٹینٹ میں نہیں رہیں گے بلکہ مندر میں رہیں گے‘‘۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ۲۲ جنوری صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک نئے عہد کے آغاز سے عبارت ہے۔ ان کے بقول آج سے ہزار سال بعد بھی لوگ اس تاریخ کو یاد کریں گے۔ ہم ایک عہد کے آغاز کے گواہ بن رہے ہیں۔
مودی نے عوام سے اپیل کی کہ آج سے ایک ہزار سال بعد کے بھارت کی تعمیر کا آغاز کریں۔
وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رام مندر کی تعمیر عدالتی حکم سے ہو رہی ہے اور عدالت نے اس مندر کے حق میں فیصلہ دے کر انصاف کا سربلند کیا ہے۔
مودی نے بھگوان رام کو حاضر و ناظر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رام سب کے ہیں۔ان کاکہنا تھا’’ سبھی مسائل کا حل ہیں اور پوری دنیا کو آج رام کی ضرورت ہے ۔رام بھارت کی آستھا ہیں۔ رام بھارت کا شعور ہیں او رپوری دنیا کو رام کی ضرورت ہے ۔رام آگ نہیں، رام توانائی ہے ، رام تنازع نہیں رام حل ہیں۔ رام صرف ہمارے نہیں رام سب کے ہیں۔رام صرف موجود نہیں ہے ، رام لازوال ہیں‘‘ ۔
وزیر اعظم نے کہا رام مندر صرف ایک دیو مندر نہیں یہ ہندوستان کے ویژن کا مندر ہے ۔ یہ ہندوستان کا نظریہ، ہندوستان کے درشن کا مندر ہے ۔انہوں نے کہا ’’مندر ہندوستانی سماج کے امن،ہمت، صبر، آپسی رواداری اور ہم آہنگی کا مظہر ہے ۔ مندر کی تعمیر کسی آگ کو نہیں بلکہ توانائی کو جنم دیتا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ رام کے اقدار کی ضرورت پوری دنیا کو ہے ۔ یہ محض ایک مندر نہیں بلکہ ویژن ہے ۔رام مندر سماج کے ہرطبقے کو روشن مستقبل کے راستے پر آگے بڑھنے کی ترغیب لے کر آیا ہے ۔
مودی نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کے لئے جہاں دیگر کو یاد کیا تو وہیں عدلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا اجودھیا میں رام جنم بھومی مندر کی تعمیر انصاف کے راستے سے ہوئی ہے اور اس کے لئے میں عدلیہ کا مشکور ہو کہ اس نے انصاف کے اقدار کا تحفظ کیا۔ان کاکہنا تھا’’بھارت کے آئین کے پہلے صفحے میں بھگوان ورجامنا ہیں۔ آئین کے وجود میں آنے کے بعد بھی دہائیوں تک برپھوں شری رام کے وجود کو لے کر قانونی لڑائی چلی۔ میں شکریہ ادا کرونگا عدلیہ کہ جس نے انصاف کو ملحوظ خاطر رکھا۔اور منصفانہ طریقے سے پربھو رام کا مندربنا ‘‘۔
وزیر اعظم نے کہارام مندر بھومی پوجن کے بعد سے یومیہ پورے ملک میں امنگ و جوش بڑھتا ہی جارہا تھا۔ تعمیراتی کام دیکھ ملکی باشندوں میں ہر دن ایک نیا اعتمادپیدا ہوارہا تھا۔ آج ہمیں صدیوں کے اس صبر کا صلہ ملا ہے ۔ آج ہمیں رام کا مندر ملا ہے ۔ غلامی کی ذہنیت کو توڑ کر اٹھ کھڑا ہو راشٹر ، تاریخ کے ہردم سے حوصلہ لیتا ہے ہوا راشٹرایسے ہی نئی تاریخ رقم کرتا ہے ۔
مودی نے ۲۲ جنوری کی تقریب سے قبل۱۱دنوں تک سخت مذہبی رسومات کی ادائیگی کی۔ اس دوران وہ تخت پر سوئے، ناریل پانی پیا اور ایک خاص قسم کا برت رکھا۔
ایودھیا میں پوجا کے بعد انہوں نے اپنا برت توڑا۔ ان ۱۱ دنوں میں انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں کے مندروں میں درشن بھی کیے۔
رام مندر میں پیر کو ہونے والی ’پران پرتشتھا‘کی تقریب سے قبل ہندو عقیدت مندوں نے شدید سردی میں اتر پردیش میں وارانسی میں دریائے گنگا میں اشنان کیا۔
وزیرِ اعظم مودی نے اس دوران ملک کے کئی مندروں کا دورہ کیا جب کہ تمل ناڈو کے قریب رامیشورم کے اگنی تریتھ کے ساحل پر خصوصی اشنان بھی کیا۔
مندر کی افتتاحی تقریب میں بالی وڈ کے کئی فن کار شریک ہوئے جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، کترینا کیف، ایوشمان کھرانا سمیت دیگر شریک ہوئے۔
تقریب کی سکیورٹی کیلئے جہاں اسنائپر تعینات کیے گئے تھے۔ وہیں آرٹیفیشل ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون سے نگرانی بھی کی گئی۔ سیکیورٹی کے لیے دس ہزار کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔