سرینگر//
منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن اوڑی کی ایک پارٹی نے ٹائر موڑ پر ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس شخص کی تحویل سے۴۲گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔بیان میں اس کی شناخت عبدالعزیز چنیزا ولد غلام محمدچنیزا ساکن اوڑی بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن اوڑی میں بند رکھا گیا ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ کی ایک ٹیم نے بیگ پورہ ہاروٹنو ٹنگمرگ میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس شخص کی تحویل سے۲۵گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان میں مذکورہ شخص کی شناخت محمد عبداللہ بٹ ولد غلام محمد ساکن رنبیل پورہ کنزر کے بطور کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں بند رکھا گیا۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی اور پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کئے گئے ۔
۲۰۲۳کے اختتام تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۶۴مقدمے درج کرکے۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے ۔