نئی دہلی// لوک سبھا سکریٹریٹ کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کی صدارت کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ یہاں سکریٹریٹ کو محنت اور لگن کی ایک بہترین مثال بنانے کی سمت میں کام ہورہا ہے ۔ اس کے افسران اور ملازمین کی لگن اور محنت قابل تعریف ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ تمام افسران اور ملازمین نے اہلیت اور قابلیت کے ساتھ لوک سبھا سکریٹریٹ کی خدمت کی ہے ، اسپیکر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سکریٹریٹ کے تمام افسران اور ملازمین مستقبل میں بھی اپنا اہم رول ادا کرتے رہیں گے ۔
اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ پارلیمنٹ عوام کے نمائندوں کی سب سے بڑی اسمبلی ہے ،مسٹر برلا نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے طور پر اراکین پارلیمنٹ شہریوں کے مسائل کو حل کرنے ، ان کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے اور ان کے سماجی و اقتصادی مسائل کو حل کرنے کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں سیکرٹریٹ کے اہلکاروں کا اہم کردار ہے ۔
یہ بتاتے ہوئے کہ بدلتے ہوئے نقطہ نظر نے ایوانوں کے کام کرنے کے طریقوں میں بڑی تبدیلیاں لائی ہیں اور ٹکنالوجی نے ہمارے کام کرنے کے انداز کو مکمل طور پر بدل دیا ہے ،مسٹر برلا نے مشورہ دیا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم وقت کے ساتھ ہم آہنگ رہیں اور جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنائیں۔ جدید تکنیک کی باقاعدہ تربیت حاصل کرنے ، صلاحیت سازی میں اضافہ کرنے ر اور سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کی خواہش بہت ضروری ہے ۔