نئی دہلی// سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بدھ کو تمام سیاسی جماعتوں سے قومی مفاد کو مقدم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نظریات اور اقدار کی سیاست وقت کی ضرورت ہے ۔
مسٹر نائیڈو نے آج مہاراشٹر کے پنے میں یوتھ لیڈرشپ پارلیمنٹ کے 13ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی ترقی کے مسائل پر متحد رہنا چاہیے ۔ انہوں نے بین الاقوامی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی بڑی ضرورت ہے ۔
لیڈروں کے بار بار سیاسی پارٹیاں بدلنے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ یہ جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ریاستی اسمبلیوں اور قانون ساز کونسلوں کو ملا کر جمہوریت کا مندر بنتا ہے اور اس کے وقار کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری منتخب نمائندوں پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے تمام ارکان پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں سے ہر پلیٹ فارم پر بحث کی سطح بلند کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جمہوریت کے لیے غور و فکر، بحث اور فیصلہ ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں چاروں طرف سے نظریات اور اقدار زوال پذیر ہیں۔ عوام کا سیاست دانوں پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے ۔ اس کو کم کرنے کے لیے آنے والی نسل کے بارے میں سوچنا چاہیے اور وقار کے ساتھ کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست سماجی زندگی میں تبدیلی لانے کا ایک ذریعہ ہے ۔ اس کے لیے جمہوریت کی بنیاد بہت مضبوط ہونی چاہیے ۔