سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گونر ‘منوج سنہا نے کہا ہے کہ’ کھیلو انڈیا‘سرمائی کھیلوں کے گذشتہ ایڈیشنوں کی کامیابی نے جموں و کشمیر کو سرمائی کھیلوں کے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے ۔
سنہا نے شراکت داروں سے سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہونے والی کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب رکھنے کی تاکید کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے منگل کے روز گلمرگ میں۲ فروری سے شروع ہونے والی کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کیلئے کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
ایل جی نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’میٹنگ کے دوران میں نے تمام متعلقہ محکموں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ کھلاڑیوں اور سرمائی کھیلوں کے شائقین کیلئے یہ ایک یاد گار تجربہ رہے ‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے گذشتہ ایڈیشنوں کی کامیابی نے جموں کشمیر کو سرمائی کھیلوں کے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا’’تمام شراکت دارکھیلوں کے ہموار انعقاد اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے مقررہ ایکشن پلان کے ذریعے کام کو تیزی سے مکمل کریں‘‘۔
بتادیں کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا چوتھا ایڈیشن سیاحتی مقام گلمرگ میں۲فروری شروع ہو رہا ہے ۔
حکام کے مطابق کھیلوں کے اس ایڈیشن میں قریب ۸سو کھلاڑیوں، عہدیداروں و میڈیا کے افراد وغیرہ کی شرکت متوقع ہے ۔
سال گذشتہ منعقدہ ان کھیلوں کے تیسرے ایڈیشن میں کھلاڑیوں، سیاحوں اور مختلف محکمموں کے افسران سمیت زائد از۲ہزار لوگوں نے حصہ لیا تھا۔
کھیلوں اس ایڈیشن میں جموں وکشمیر نے سونے کے۲۶‘ سلور کے۲۵؍اور کانسے کے۲۵تمغے حاصل کرکے فہرست میں اعلیٰ مقام حاصل کیا تھا۔