سرینگر//
شمالی ضلع بارہمولہ میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیائبرآمد کرکے ضبط کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او چندوسہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کاچوا مقام چندوسہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران دو افراد کو روک کر ان کی جامہ تلاشی لی جس دوران ان کے قبضے سے ساٹھ گرام چرس جیسی ممنوع نشیلی اشیاء برآمد ہوئی ۔
گرفتار شدگان کی شناخت ثاقب رشید ولد عبدالرشید ساکن کانسپورہ اورذیشان علی ولد علی محمد ساکن دلنہ بارہ مولہ کے بطور کی گئی ہے ۔
ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف باضابط طورپر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ بارہ مولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے۱۱مہینوں کے دوران۲۶۰مقدمے درج کرکے ۴۵۲منشیات فروشوں کو گرفتار جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے ۔
گرفتار شدگان میں۳۸۲کو این ڈی پی ایس ایکٹ جبکہ ۷۰کو پی آئی ٹی/ این ڈی پی ایس/ پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔