بھبنیشور //
اوڈیسہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے ایک کشمیری شخص کو وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے اہلکار، نیورو اسپیشلسٹ ڈاکٹر، ایک آرمی ڈاکٹر اوراین آئی اے کے عہدے دار کا قریبی ساتھی ظاہر کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم کے کچھ مشتبہ ملک دشمن عناصر سے بھی تعلقات ہو سکتے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص کے کچھ مشکوک اور غیر ملکی عناصر کے ساتھ روابط بھی سامنے آئے ہیں۔
ملزم کی شناخت ۳۷سالہ سید ایشان بخاری عرف ڈاکٹر ایشان بخاری کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ٹی ایف کی ایک خصوصی ٹیم نے جاجپور ضلع کے نیول پور علاقے میں چھاپہ مار کر بخاری کو گرفتار کیا۔
ایس ٹی ایف کے سینئر افسران نے بتایا کہ ملزم کشمیر پولیس کو بھی دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ایک مقدمے میں مطلوب ہے اور اس کے خلاف ایک غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
ایس ٹی ایف نے ایک بیان میں کہا ’’یہ بھی پایا گیا کہ وہ کیرالہ میں مشکوک افراد اور کچھ پاکستانی شہریوں کے ساتھ بھی رابطے میں تھا‘‘۔
ایس ٹی ایف کے افسران نے مزید بتایا کہ چھاپے کے دوران ۱۰۰سے زائد دستاویز ضبط کیے گئے ہیں۔ حیران کن طور پر ملزم ’’نیورو اسپیشلسٹ ڈاکٹر، آرمی ڈاکٹر، پی ایم او میں افسر، این آئی اے کے اعلیٰ حکام کے قریبی ساتھی کا روپ دھر رہا تھا‘‘۔
حیران کن انکشافات اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم، سید ایشان بخاری، نے کم از کم ۶ تا۷ لڑکیوں سے شادی رچائی ہوئی ہے، جو ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتی ہیں جن میں کشمیر، اتر پردیش، مہاراشٹر اور اڈیشہ شامل ہیں۔ وہ مختلف ویب سائٹس/ ایپس پر بھی سرگرم تھا اور متعدد لڑکیوں کے ساتھ رومانوی تعلقات قائم کیے ہوئے تھا، جس میں وہ خود کو بین الاقوامی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کے طور پر خود کو پیش کرتاتھا۔
پولیس بیان کے مطابق جعلی دستاویز ضبط کئے گئے ہیں جن میں امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی، کینیڈین ہیلتھ سروسز انسٹی ٹیوٹ، کرسچن میڈیکل کالج ویلور کی طرف سے جاری کیے گئے میڈیکل ڈگری سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ کچھ خالی دستخط شدہ دستاویزات/ حلف نامے/ بانڈ، متعدد شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ، خالی چیک، آدھار کارڈ، وزٹنگ کارڈ بھی شامل ہیں۔
اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم گرفتاری ہے جس سے دھوکہ دہی اور جعل سازی کے خلاف جدوجہد میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔