جموں/۱۱مئی
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے متصل جنگل علاقوں کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن لانچ کیا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر پونچھ کے کسبالاری علاقے کو محاصرے میں لے کر فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر آپریشن شروع کیا ہے ۔
ذرائع نے کہاکہ مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا۔
اُن کے مطابق قصبے کو محفوظ رکھنے کے لئے جتنے بھی جنگل اور مضافاتی علاقے ہیں ان میں لگاتار آپریشنز کئے جاتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانی دراندازی کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں پہلے ہی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر پونچھ میں ایل او سی کے ساتھ لگنے والے علاقوں میں فوج نے گشت تیز کیا ہے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا ، اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔