سرینگر//
جوں جوں کرسمس اور نیا سال قریب آرہا ہے، گلمرگ اور پہلگام جیسے مشہور سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں کی پیشگی بکنگ تیزی سے کی جا رہی ہے۔
ایسے میں توقع کی جارہی ہے کہ ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کی خاصی تعداد نئے سال کا جشن اور کرسمس کا تہوار وادی ٔ کشمیر کے پْرکیف نظاروں میں منانا چاہتی ہے۔
یہ بات بھی مثبت ہے کہ امسال کشمیر میں سیاحوں کی آمد کی ریکارڈ تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایسے میں۳۰نومبر تک۵۰ہزار غیر ملکی سیاحوں سمیت ۲کروڑ سے زائد ملکی سیاحوں نے کشمیر کی سیر کی۔
حکام کاکہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں سیاحوں کا کافی رش دیکھا جارہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں مزید اضافہ ہونے کی توقع کی جارہی ہے، کیونکہ سیاح کشمیر میں کرسمس اور نیا سال منانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
سیاحتی شعبہ سے وابستہ افراد کہتے ہیں کہ گلمرگ اور پہلگام کرسمس اور نئے سال کیلئے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ کیونکہ ان دونوں مقامات پر سیاحوں کو مسحور کرنے کے لیے متعدد پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
عام طور پر، مہاراشٹر اور جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے سیاح کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کشمیر کا دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاحوں کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کیے ہیں امید ہے کہ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد کشمیر کا رخ کرے گی۔
یا د رہے کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ یو ٹی میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد یں۳۰۰فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ پچھلے سال۸۲ء۱کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا اور اس سال نومبر میں سیاحوں کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
سنہا کاکہنا تھا ’’کشمیر کے لوگ بشمول آٹو اور ٹیکسی چلانے والے، ہوٹل والے، ریہڑی والے اور سیاحت سے جڑے سبھی لوگ اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔