سرینگر//
بانڈی پورہ اور بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز نے خاتون سمیت چھ افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بانڈی پورہ پولیس نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ، سی آر پی ایف اور آرمی نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران خاتون سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت عادل طاریق واصل ولد طاریق احمد ، شفقت نبی ولد غلام نبی ، مصیب خورشید ولد خورشید احمد ڈار ساکنان لڈورا رفیع آباد کے بطور کی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ادھرفوج نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوج کی چنار کور نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ انٹلی جنس ان پٹس کی بنیاد پر فوج اور پولیس نے اننت ناگ کے بجبہاڑہ کے زبیل پورہ علاقے میں پیر کے روز ایک موبائل وہیکل چیک پوسٹ قائم کیا۔
فوج نے کہا کہ اس دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی تحویل سے اسلحہ بر آمد کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بر آمد شدہ اسلحہ میں ایک پستول اور جنگی سامان جیسا سٹور شامل ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے۔