سرینگر/۷دسمبر
سرینگر کے زامپہ کدل علاقے میں جمعرات کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں کم سے کم۶دکانوں اور۲کمروں کو نقصان پہنچا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے زانپہ کدل علاقے میں جمعرات کی علی الصبح ایک دکان سے آگ کی ایک واردات میں۶دکانوں اور دو کمروں کو نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ دوکمروں میں سے ایک ’گلنور کشمیر آرٹس‘کے نام سے موسوم کشمیر آرٹس کے ایک کمرے اور ایک رہائشی کمرے کو نقصان پہنچا.انہوں نے کہا کہ اس وار دات لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوا۔
دریں اثنا فائرا ینڈ ایمرجنسی اہلکار گاڑیوں اور دیگر ساز و سامان سمیت جائے وار دات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم اس واقعے میں کسی قسم کے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں حالیہ دنوں کے دوران آگ کی وار داتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کشمیر کے مطابق وادی کشمیر میں موسم سرما کے دوران آگ کی وارداتوں میں اضافہ درج ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ اس دوران گرمی کے لئے الیکٹرک یا گیس پر چلنے والے آلات کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ محکمے کی طرف سے جاری ایڈوائزری پرعمل پیرا ہونے سے آگ کی وار داتوں میں کمی کی جاسکتی ہے ۔