تحریر:ہارون رشید شاہ
ایک آسان سا سوال ہے کہ گاندربل میں کتوں نے… ہاں ان کتے کمینوں نے بھیڑوں پر حملے کرکے ۱۳ کو ہلاک کیوں کیا … انہیں اپنا لقمہ کیوں بنا لیا ۔ یقین کیجئے سوال کا جواب آسان ہے … بہت آسان او ر اس کا براہ راست تعلق بھیڑوں سے نہیں ہے… او ر بالکل بھی نہیں ہے … اس واقعہ کا تعلق … براہ راست تعلق انسانوں سے ہے … جی ہاں انسانوں سے ہے… انسانوں سے مطلب کشمیری انسانوں سے ہے ۔ وہ کیا ہے کہ کشمیر کے انسانوں اور کتوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے… یوں تو باہر بھی انسانوں او ر کتوں میں چولی دامن کا ساتھ ہو تا ہے… لیکن یہاں اس ساتھ اور تعلق کی توعیت قدرے مختلف ہے… جی ہاں مختلف۔باہر … ملک کشمیر سے باہر انسانوں اور کتوں میں دوستی ہے ‘ دونوں میں باہم احترام اور پیار کا رشتہ ہوتا ہے… لیکن کشمیر میں نہیں … کشمیر میں کتے انسانوں سے پیار نہیں کرتے ہیں… بلکہ ان پر وار کرتے ہیں…کشمیر میں کتے لوگوں کے ساتھ ان کے گھروں میں نہیں رہتے ہیں … اور اس لئے نہیں رہتے ہیں کیونکہ کتوں کے ڈر سے تو لوگ گھروں میں چھپ کے بیٹھ جاتے ہیں… کہ کہیں ان پر کتوں کا … ان کمینے کتوں کا سایہ بھی نہ پڑ جائے … پڑ گیا تو بے چارے انسانوں کی خیر نہیں کہ بات اینٹی ریبیز انجکشنوں کی ہے جو … جو بچپن میں سنے کے قصے کہانیوںکے مطابق ایک نہیں بلکہ چودہ کرنے پڑتے ہیں وہ بھی پیٹ میں ۔جب معاملہ ایسا ہو تو صاحب انسان اور کتوں میں پیار و محبت کا رشتہ کیسے ہو سکتا ہے… بالکل بھی نہیں ہو سکتا ہے ۔ لیکن … لیکن پھر بھی دونوں میں ایک رشتہ ہے‘ نفرت کا ‘عداوت کا ‘ خوف کا ‘ ڈر کا … کتے انسانوں سے ڈر تے ہیں اور انسان کتوں سے ۔ خیر !واپس لوٹ آتے ہیںگاندربل کے واقعہ کی جانب تو … تو سوال یہ ہے کہ کتوں نے بھیڑوں کا کیوں کھایا‘ انہیں ہلاک کیا ۔جواب یہ ہے کہ کشمیر میں لوگ بھیڑوں کا گوشت کھاتے ہیں اور… اور خوب کھاتے ہیں… اور کشمیر کے کتے کشمیریوں کو کاٹ کھاتے ہیں… کشمیریوں کو کاٹ کھانے سے کتوں کو بھیڑوں کی لت لگ گئی ہے … سو انہوں نے سوچا کہ جو وہ انسان کو کاٹ کھا کراپنی جان کو خطرے میں ڈال دیں… اس سے کہیں بہتر ہے کہ بھیڑوں پر ہی راست حملہ کیا جائے اور… اور کتوں نے ایساہی کیا اور…اور ایک نہیں بلکہ ۱۳ کو اپنا نوالہ بنا دیا ۔ہے نا؟