کوالالمپور//) فارورڈ اریجیت سنگھ ہندل کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ ملائیشیا 2023 کے اپنے افتتاحی میچ میں منگل کو جنوبی کوریا کو 4-2 سے شکست دے دی۔
بکیت جلیل کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں آج یہاں کھیلے گئے میچ میں آریجیت نے 11 ویں، 16 ویں اور 41 ویں منٹ میں تین گول کیے، جبکہ امندیپ نے 30 ویں منٹ میں گول کیا۔ جنوبی کوریا کی جانب سے ڈوہیون لم نے 38ویں منٹ میں اور منکوون کم نے 45ویں منٹ میں گول کیا۔
ہندوستان نے کوریا کے سرکل میں برتری حاصل کرتے ہوئے میچ کا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ آریجیت نے تعطل کو توڑا اور 11ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔ اس کے بعد اریجیت نے دوسرے کوارٹر کے ابتدائی منٹ میں دوسرا گول کیا۔ امندیپ نے 30ویں منٹ میں گول کر کے برتری کو 3-0 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں کوریا نے اپنا پہلا گول 38ویں منٹ میں دوہیون کے پنالٹی کارنر پر کیا۔ میچ کے 41ویں منٹ میں اریجیت نے ریورس فلک پر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
تیسرے کوارٹر میں تین منٹ باقی رہتے ہندوستان کے پاس نو کھلاڑی رہ گئے تھے اور کوریا نے اس کا فائدہ اٹھایا۔ انہیں پنالٹی کارنر ملا جسے منکوون کم نے گول میں بدل کر تیسرے کوارٹر کے اختتام پر اسکور 4-2 کر دیا۔
جمعرات کو ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں ہندوستان کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔