نئی دہلی// حکومت نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ مودی حکومت کے دور میں گزشتہ دو برسوں میں پٹرول کی قیمت میں 11 فیصد کمی آئی ہے اور ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے سرمائی اجلاس کے پہلے دن آج ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت کے دور میں نومبر 2021 اور مئی 2022 میں پیٹرول کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 11 فیصد کمی کی گئی۔
یہ کمی بنیادی طور پر مرکزی حکومت نے سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کرکے کی تھی۔ایتھنول بلینڈڈ بائیو فیول کی دستیابی میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ نومبر 2022 میں ایتھنول کی ملاوٹ کا 10 فیصد ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن حکومت کی کوششوں سے یہ ہدف پانچ ماہ قبل حاصل کر لیا گیا اور اب یہ ہدف 20 فیصد ہے، جسے سال 2025 تک حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اسے حاصل کیا جائے گا کیونکہ 12 فیصد ایتھنول کی ملاوٹ کا ہدف پہلے ہی حاصل کیا جاچکا ہے۔