جموں//
فوج نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کے راجوری کے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی مہم ابھی بھی جاری ہے۔
فوج نے ایک دن پہلے کالعدم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) تنظیم کے دو غیر ملکی دہشت گردوں کو مار گرایا گیاتھا۔
۱۴سیکٹر راشٹریہ رائفلز کے کمانڈر بریگیڈیئر سومیت پٹنائک نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے مقام سے خواتین اور بچوں سمیت پھنسے شہریوں کو بحفاظت باہر نکالا اور شہید ہونے والے پانچ فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے ان کی قربانیوں سے ہمیں دہشت گردی کو ختم کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن زمینی سطح پر مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ایک مثال ہے اور یہ ہم آہنگی مزید کامیابی کے لیے جاری رہے گی۔
بریگیڈیئر پٹنائک نے دو غیر ملکی دہشت گردوں کی ہلاکت کو سیکورٹی فورسز کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا کیونکہ جاں بحق ملی ٹنٹ قاری ایک تربیت یافتہ اسنائپر اور آئی ای ڈی کاماہر تھا جسے پاکستان اور افغانستان میں تربیت دی گئی تھی۔
فوجی کمانڈر نے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو تیز کرنے اور مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے کے لیے علاقے میں موجود تھے۔