ممبئی//مہاراشٹر میں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمنل 2 کو اڑانے کی دھمکی والی ایک ای میل موصول ہوئی ہے اور اسے روکنے کے لیے بٹ کوائن میں 1 ملین ڈالر دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد مقامی سہار پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل کو بھی اطلاع دی گئی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ” جمعرات کو ہوائی اڈے کے فیڈ بیک ان باکس میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بھیجنے والے نے 48 گھنٹوں کے اندر بٹ کوائن میں ایک ملین ڈالر کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ہوائی اڈے کے ٹرمنل 2 پر دھماکے سے بچا جا سکے ۔” یہ آپ کے ہوائی اڈے کے لیے آخری وارننگ ہے ۔ اگر ایک ملین امریکی ڈالر بٹ کوائن ایڈریس پر منتقل نہیں کیے گئے تو ہم ٹرمنل 2 کو 48 گھنٹوں میں دھماکے سے اڑادیں گے ۔ ایک اور وارننگ 24 گھنٹوں کے بعد دی جائے گی۔’’
انہوں نے کہا کہ ای میل موصول ہونے کے بعد ممبئی ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے نامعلوم میل بھیجنے والے کے خلاف سہار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ شکایت کی بنیاد پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 385 (کسی شخص کو نقصان پہنچانے کے خوف میں ڈالنا) اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 505 (1) (بی) (خوف یا خطرات پیدا کرنے کے ارادے سے بیانات) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ایم آئی اے ایل) چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ آپریٹ کرتا ہے ۔