نئی دہلی// سابق پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا نے پیر کو کہا کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا تو ان کا کریئر تباہ ہو جائے گا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کنیریا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ وہ یہ الزام پیسہ اور شہرت کمانے کے لیے لگا رہے ہیں جس کے جواب میں کنیریا نے یہ بات ایک ٹویٹ میں کہی۔
آفریدی نے یہ بھی کہا کہ بھارت پاکستان کا دشمن ملک ہے اور اسے انٹرویو دینے سے مذہبی جذبات بھڑک سکتے ہیں۔
کنیریا نے پیر کو کہا، ’’ہندوستان ہمارا دشمن نہیں ہے۔ ہمارے دشمن وہ ہیں جو مذہب کے نام پر لوگوں کو اکساتے ہیں۔ اگر آپ بھارت کو دشمن سمجھتے ہیں تو پھر کبھی کسی بھارتی میڈیا چینل پر نہ جائیں۔‘‘
انہوں نے اگلی ٹویٹ میں کہا کہ جب میں نے جبری تبدیلی کے خلاف آواز اٹھائی تو مجھے دھمکی دی گئی کہ میرا کیرئیر تباہ کیا جا سکتا ہے۔‘‘
کنیریا نے اس سے قبل زی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا، “شاہد آفریدی واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے مجھے نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ ہم ایک ہی ڈیپارٹمنٹ کے لیے اکٹھے کھیلا کرتے تھے۔ وہ مجھے بینچ پر ہی رکھتے اور مجھے ایک روزہ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتے۔
انھوں نے کہا، ’’ہاں، آفریدی اکثر مجھ سے اسلام قبول کرنے کے لیے کہتے تھے، لیکن میں نے اسے کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا۔ میں اپنے مذہب پر یقین رکھتا ہوں اور یہ کرکٹ پر منحصر نہیں ہے۔‘‘
اس کے جواب میں آفریدی نے پاکستان نیوز انٹرنیشنل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کے کردار کو دیکھیں جو یہ سب کہہ رہا ہے۔ وہ پیسہ اور شہرت کمانے کےلئے مجھ پر الزام لگا رہا ہے۔
آفریدی نے کہا کہ کنیریا میرے چھوٹے بھائی کی طرح تھے اور میں کئی سالوں سے ان کے ساتھ ڈپارٹمنٹ کے لیے کھیلا ہوں۔ اگر میرا رویہ برا تھا تو اس نے پاکستان کرکٹ بورڈ یا محکمہ کے حکام سے شکایت کیوں نہیں کی۔ وہ ہمارے دشمن ملک کو انٹرویو دے رہا ہے جو مذہبی جذبات کو بھڑکا سکتا ہے۔