جے پور// حکمراں کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی عام انتخابات میں 200 میں سے 199 سیٹوں پر 150 سے زیادہ سیٹوں پر براہ راست مقابلہ ہونے کا امکان ہے ۔ ریاست کے اسمبلی حلقے دونوں پارٹیوں میں باغی امیدواروں اور دوسری پارٹیوں کے امیدواروں کی وجہ سے چالیس سے زائد سیٹوں پر سہ رخی اور بعض مقامات پر چوطرفہ مقابلہ کا امکان ہے ۔
جودھ پور کی سردار پورہ سیٹ پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا سیدھا مقابلہ بی جے پی امیدوار ڈاکٹر مہندر سنگھ راٹھور سے ہے ۔ اسی طرح سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے کا جھالراپاٹن سیٹ پر کانگریس امیدوار رام لال چوہان سے ، اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی کا ناتھدوارا اسمبلی حلقہ میں بی جے پی امیدوار وشوراج سنگھ میواڑ سے ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجندر سنگھ راٹھور کا چورو ضلع کی تارا نگر سیٹ پر کانگریس امیدوار نریندر بڈھانیہ سے ، سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کا ٹونک سیٹ پر بی جے پی امیدوار اجیت سنگھ مہتا سے اور کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ دوٹاسرا کا سیدھا مقابلہ پہلے بی جے پی میں شامل ہوئے سابق مرکزی وزیر سبھاش مہاریہ سے سمجھا جا رہا ہے ۔
اسی طرح گہلوت حکومت کے کئی وزرا بشمول کوٹہ نارتھ سے شانتی دھاریوال، بیکانیر ویسٹ سے بی ڈی کلہ، لالسوٹ سے پرسادی لال مینا، سول لائنس سے پرتاپ سنگھ کھاچاریاواس سمیت کئی وزرا بی جے پی امیدواروں سے براہ راست انتخابی مقابلہ میں ہیں۔ اس کے علاوہ سابق مرکزی وزیر کرنل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور کا جے پور میں کانگریس امیدوار، ودیادھر نگر میں ایم پی دیا کماری، سوائی مادھوپور میں ڈاکٹر کیرودی لال مینا اور تیجارہ میں مہنت بالکناتھ کا سیدھا مقابلہ ہونے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ کانگریس اور بی جے پی کے درجنوں ایم ایل اے اور سابق ایم ایل اے کے درمیان براہ راست انتخابی مقابلہ سمجھا جارہا ہے ۔
اس بار انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی دونوں پارٹیوں میں درجنوں باغی امیدوار سامنے آئے ، جن میں سے دونوں پارٹیاں کئی امیدواروں کو منانے میں کامیاب ہوئیں اور کئی باغیوں کو چھ سال کے لیے پارٹی سے نکال بھی دیا گیا، لیکن اس کے باوجود کئی باغی انتخابی میدان میں ابھی بھی ہیں اور پارٹی کے باضابطہ امیدواروں کے لیے ایک مسئلہ بنے ہوئے ہیں اور ریاست میں چالیس سے زائد نشستوں پر سہ رخی مقابلے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔