نئی دہلی: ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کا آئی پی ایل 2022 میں بھی بلا خاموش ہے۔ وہ رنوں کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایک دن پہلے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف وراٹ کوہلی ایک بار پھر پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ یہ اس سیزن میں تیسرا موقع تھا، جب وراٹ کوہلی گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ وراٹ کوہلی کے بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹنے کے بعد دوبارہ انہیں آرام دیئے جانے کا مطالبہ ہونے لگا ہے۔ تاہم سابق، ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر اس سے اتفاق نہیں رکھتے۔ الٹا، انہوں نے تو وراٹ کوہلی کو وارننگ تک دے ڈالی۔
وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل کے 12 میچوں میں 111 کے اسٹرائیک ریٹ سے 216 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن میں صرف ایک نصف سنچری لگائی ہے اور 6 سنگل ڈیزٹ اسکور ان کے نام ہیں۔ یہ کسی بھی آئی پی ایل میں ان کی سب سے خراب کارکردگی ہے۔ اسی وجہ سے انہیں بریک دیئے جانے کا مطالبہ اٹھ رہا ہے۔ حال ہی میں سابق ہندوستانی چیف کوچ روی شاستری نے بھی یہی کہا تھا کہ وراٹ کوہلی بری طرح پک چکے ہیں اور انہیں اب کچھ وقت کے لئے بریک دیا جانا چاہئے۔ کئی عظیم کرکٹروں نے بھی روی شاستری کے سُر میں سُر ملاتے ہوئے وراٹ کوہلی کو آرام دیئے جانے کی وکالت کی تھی، لیکن سنیل گواسکر اس کے خلاف ہیں۔