سرینگر//
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۱۸نومبر سے۲۶نومبر موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران۱۸؍اور۲۵نومبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں صبح اور شام کے وقت دھند رہ سکتی ہے ۔
ادھر خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل حسب معمول جاری ہے ۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ لیہہ قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک حسب معمول جاری ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی کا شبانہ درجہ بتدریج کم ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کم سے کم درجہ حرارت۰ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ۰ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اننت ناگ میں منفی۶ء۱ڈگری سینٹی گریڈ، پلوامہ میں منفی۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈ، شوپیاں میں منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ، بڈگام میں منفی۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ، بارہمولہ میں۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ، بانڈی پورہ میں منفی۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔