سرینگر/ 15 نومبر
منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ضلع بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی سربراہی میں دیوان باغ علاقے میں گرڈ اسٹیشن کے نزدیک ایک ناکے کے دوران ایک خاتون کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس خاتون کی تحویل سے 60 گرام براﺅن شوگر جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق خاتون کی شناخت افروزہ بیگم عرف افری زوجہ مرحوم فیاض احمد ڈار ساکن گنائی حمام بارہمولہ حال ہائیگام سوپور کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ منتقل کیا جہاں وہ زیر حراست ہے ۔پولیس ترجمان نے کہا کہ اسی طرح پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ کی ایک پارٹی نے ایس ایچ او ٹنگمرگ کی قیادت میں شرائی ٹنگمرگ میں ناکے کے دوران دو افراد کو روکا۔انہوں کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 65 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
پولیس بیان میں ان منشیات فروشوں کی شناخت بشیر احمد ماگرے ولد ثنا واللہ ماگرے ساکن ڈورو اور جاوید احمد گنائی ولد عبدالاحد گنائی ساکن شرائی کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں کو گرفتار کرکے ٹنگمرگ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ اور ٹنگمرگ میں مقدمے درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے ۔