نئی دہلی// نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ بدھ کے روز یہاں بحریہ کی سالانہ بین الاقوامی کانفرنس، ہند-بحرالکاہل علاقائی مذاکرات (آئی پی آر ڈی)سے خطاب کریں گے ۔
اس اہم سہ روزہ کانفرنس سے مختلف مرکزی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی خطاب کریں گے ۔اس کا اہتمام حال ہی میں گوا میں منعقدہ میری ٹائم کانفرنس کے بعد کیا جا رہا ہے ۔ گوا میری ٹائم کانفرنس کا مقصد بحر ہند کے خطے میں بحریہ کے سربراہوں اور سمندری ایجنسیوں کے سربراہوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرانا تھا جس میں اسٹریٹجک آپریشنل سطح پر ہندوستانی بحریہ کے تعاون پر مبنی شراکت داری کے جذبے سے متعلق ایک تصوراتی نقطہ نظر کو پیش کرنا تھا ۔ ہند-بحرالکاہل علاقائی مذاکرات اسٹریٹجک سطح پر بحریہ کی بین الاقوامی شراکت داری کو بیان کرنے کا ایک منچ ہے ، جو ہند-بحرالکاہل کے خطے میں بحریہ کی سکیورٹی سے متعلق ‘مجموعی’ مسائل پر توجہ مرکوز کرتا ہے ۔
آئی پی آر ڈی کانفرنس کے پہلے دو ایڈیشن بالترتیب 2018 اور 2019 میں منعقد ہوئے تھے ۔ آئی پی آر ڈی 2020 کو کووڈ وبا کے سبب منسوخ کر دیا گیا تھا۔ آئی پی آر ڈی کا تیسرا ایڈیشن 2021 میں آن لائن موڈ میں منعقد ہوا اور چوتھا ایڈیشن 2022 میں یہاں فزیکل فارمیٹ میں منعقد کیا گیا تھا۔