بھونیشور// مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ہفتہ کو سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے چھتیس گڑھ کے رام گڑھیا سے جھارسوگوڑا، دیوگڑھا اور سمبل پور کے راستے انوگول ضلع کے تالچر تک نیشنل ہائی وے اکنامک کوریڈور کو آٹھ لین میں اپ گریڈ کرنے پر غور کرنے کی درخواست کی۔
مسٹر گڈکری کو لکھے ایک خط میں جس کی ایک کاپی یہاں میڈیا کو بھی جاری کی گئی، مرکزی وزیر تعلیم نے کہا کہ تقریباً 300 کلومیٹر کے فاصلے پر تین اہم صنعتی علاقے ہیں – آئی بی ویلی ایریا (تھرمل پاور، اسپنج آئرن، ریفریکٹری اور کوئلے کی کان کنی)، ہیرا کنڈ علاقہ (ایلومینیم اور رولنگ ملز) اور تالچر-انگول علاقہ (تھرمل پاور، الیومینیم، کول واشری، فیرو الائے اور کوئلے کی کانیں)۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں تیز رفتار صنعت کاری اور خطے میں بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں نے اسے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت این ایچ-49 اور این ایچ-53 کو چار لین تک پھیلانے کے لیے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں۔ آنے والے برسوں میں اس سیکشن پر ٹریفک، مال بردار اور صنعتی نقل و حمل کا حجم تیزی سے بڑھنے والا ہے ۔
سیکشن کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر نے مسٹر گڈکری سے درخواست کی کہ وہ اس سیکشن کو آٹھ لین اقتصادی راہداری میں اپ گریڈ کرنے پر غور کریں جو خطے میں موجودہ اور آنے والی صنعت کاری کے لئے مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے بہتر بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنائے کے ساتھ ساتھ ریاست اور قوم کی معیشت کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔