جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی )کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندررینا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنا بی جے پی کا ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر کو دوبارہ جنت سے بھی زیادہ خوبصورت بنائے گا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
رینا نے کہا’’جس طریقے سے مودی سرکار نے جموں وکشمیر کے لوگوں کا بھلا کیا ہے اور لوگوں کو ترقی اور انصاف ملا ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ بی جے پی آج جموں وکشمیر کے تمام گھروں میں پہنچی ہے ‘‘۔
بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ آج یونین ٹریٹری کے ہر گھر کے چھت پر بی جے پی کا جھنڈا لہرا رہا ہے ۔
رینانے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنا بی جے پی کا ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جموں وکشمیر پر بی جے پی اور مودی جی کی حکومت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی حکومت میں جموں وکشمیر ایک بار پھر جنت سے زیادہ خوبصورت بنایا جائے گا۔
بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ جو لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں وہ ہمارے ساتھ مل کر پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے انتھیک کام کریں گے ۔
رینا کاکہنا تھا ’’حد بندی کمیشن نے اپنی مشق مکمل کر لی ہے۔اب چار سے چھ ماہ انتظار کریں (اسمبلی انتخابات کے لیے) اور آپ دیکھیں گے کہ بی جے پی اگلی حکومت اپنے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تشکیل دے گی۔‘‘
رینا نے دعویٰ کیا کہ حزب اختلاف کے کیمپوں سے ممتاز لیڈران کی روزانہ شمولیت کے ساتھ بی جے پی بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ہم اگلے اسمبلی انتخابات میں ۵۰ سے زیادہ سیٹوں کے اپنے مشن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رینا نے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان ایک متوازی تصویر کھینچی اور کہا ’’بی جے پی قوم پرستوں کی پارٹی ہے اور ہر وہ شخص جو ملک اور اس کے جھنڈے سے محبت کرتا ہے، پارٹی میں شامل ہو جائے گا‘‘۔
بی جے پی لیڈرنے کہا’’کانگریس نے پورے ملک میں اپنی جگہ کھو دی ہے کیونکہ اس کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔ یہ پاکستان، دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کے لیے بول رہی تھی اور ان قوم پرستوں کو تکلیف پہنچائی ہے جنہوں نے ملک بھر میں’ایک ودھان‘ ایک پردھان اور ایک نشان‘‘ کے لیے تحریک چلائی، خاص طور پر جموں و کشمیر میں‘‘۔
رینا نے کہا کہ اگلا اسمبلی الیکشن اہم ہوگا اور ’’ہمیں خوشی ہے کہ جموں و کشمیر بھر کے لوگ ۔ ان کے رنگ، عقیدہ اور مذہب سے قطع نظر‘ بی جے پی کے جھنڈے تلے جمع ہو رہے ہیں‘‘۔
کشمیری تارکین وطن اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے لیے سیٹوں کے ریزرویشن کے بارے میں حکومت کو حد بندی کمیشن کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تحت ہر ایک کو انصاف ملے گا جس نے پہلے ہی آرٹیکل ۳۷۰(اگست ۲۰۱۹ میں) کے تحت خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا ہے۔