سرینگر/۹نومبر
جنوبی ضلع شوپیاں کے کاٹھو ہالن گاوں میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے مقامی ملی ٹینٹ کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جا ں بحق ملی ٹینٹ نے چند روز قبل ہی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے کاٹھو ہالن گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور ۲؍راجپوت رائفلز نے درمیانی شب علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گرد نے سیکورٹی فورسز پر اندھادھند فائرنگ شروع کی ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک مقامی ملی ٹینٹ جس کی شناخت میسر احمد ڈار عرف عادل ولد غلام نبی ڈار ساکن وشرو پائین کے بطور ہوئی ہے مارا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق دہشت گرد ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ملی ٹنٹ نے ایک ہفتے قبل ہی ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محاظ ہے لہذ لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔