نئی دہلی//
ہندوستان اور امریکہ کے درمیان پانچویں وزارتی سطح کے ٹو پلس ٹو مذاکرات جمعہ کو یہاں ہوں گے ۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر مذاکرات میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن امریکہ کی نمائندگی کریں گے ۔
وزارت خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں ممالک دفاع، سیکورٹی، ٹیکنالوجی اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے میں جاری تعاون کا جائزہ لیں گے ۔ دونوں ممالک گزشتہ جون اور ستمبر میں وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر جو بائیڈن کے درمیان ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر ہندوستان-امریکہ شراکت داری کے مستقبل کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
اس کے علاوہ عصر حاضر کے علاقائی مسائل اور کواڈ جیسے فورمز پر بڑھتے ہوئے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزراء کے درمیان دو طرفہ مذاکرات بھی ہوں گے ۔ دونوں فریق دفاعی ساز و سامان کی ترقی سے متعلق مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس کے علاوہ لڑاکا طیاروں کے انجن، ایم کیو پریڈیٹر ڈرون اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے حوالے سے جاری بات چیت کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح کے ٹو پلس ٹو مذاکرات۲۰۱۸سے ہو رہے ہیں۔