سرینگر//
محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین نے وادی کشمیر میں جاری ای کے وائی سی تصدیقی مہم کے دوران عوام کو جعلی ٹیلی فون کالوں سے خبر دار رہنے کی تاکید کی ہے ۔
محکمے کا کہنا ہے کہ وہ صارفین سے ٹیلی فون کال کے ذریعے کسی قسم کی کوئی جانکاری طلب نہیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو ای کے وائی سی ویری فکیشن کیلئے اپنے اپنے فیئر پرائس ڈیلروں کی طرف رجوع کرنا ہے ۔
محکمے کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ محکمے کی نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ محکمہ خوراک اور عوامی تقسیم حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق محکمہ کی طرف سے جاری راشن کارڈ ہولڈروں کی ای کے آئی سی مہم کا ناجائزہ فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ بے ایمان عناصر صارفین سے ٹیلی فون کرکے کچھ اہم معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہینڈ آئوٹ میں کہا گیا’’یہ سمجھا جاتا ہے کہ کچھ لوگ اس طرح کے جال میں پھنس سکتے ہیں جس سے ان کو مالی یا دوسرا کوئی نقصاپہنچ سکتا ہے ‘‘۔
ترجمان نے کہا’’اس طرح کے کسی بھی واقعے کے وقوع پذیر ہونے سے بچنے کیلئے لوگوں خاص طور پر راشن کارڈ ہولڈروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ ایسی کسی غیر تصدیق شدہ ٹیلی فون کال پر کوئی توجہ نہ دیں اور اس کے متعلق فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں‘‘۔
ان کا کہنا ہے کہ محکمہ راشن کارڈ ہولڈروں سے ٹیلی فون کال کے ذریعے کوئی جانکاری طلب نہیں کر رہا ہے اور صارفین کو ای کے وائی سی ویری فکیشن کیلئے اپنے اپنے فیئر پرائس ڈیلروں کی طرف رجوع کرنا ہے ۔
محکمے کا مزید کہنا ہے کہ ای کے وائی سی تصدیق کے عمل میں راشن کارڈ ہولڈر کے ذریعہ او ٹی پی/ آدھار نمبر شیئر کرنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے ۔