پٹنہ//بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کل اپنے متنازعہ بیان کے لیے آج اسمبلی میں معافی مانگ لی، لیکن ان کے استعفیٰ کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے اپوزیشن کے زور دار ہنگامے کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی تقریباً 14 منٹ بعد ہی 2 بجے دن تک ملتوی کرنی پڑی۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو اسمبلی میں کہا کہ کل کے اپنے بیان کے حوالے سے یہاں آنے سے پہلے ہی انہوں نے پریس کو وضاحت دے دی ہے ۔ بہار میں خواتین کی تعلیم پر کتنا زور دیا جا رہا ہے ۔ کل ہی ہم نے بتادیا کہ تعلیم پر زور دینے کی وجہ سے فرٹیلیٹی شرح کم ہوئی ہے ۔ یہ خوشی کی بات ہے ۔ لڑک لڑکی میں اگر لڑکی میٹرک پاس ہے تو ملک میں فرٹیلیٹی شرح دو اور بہار میں بھی دو ہے ، لیکن اگر لڑکی انٹرمیڈیٹ پاس کرجاتی ہے تو ملک میں فرٹیلیٹی شرح 1.7 اور بہار میں 1.6 ہے ۔
مسٹر کمار نے کہا، "اسی لیے ہم نے خواتین کی تعلیم پر زور دیا۔ آج خواتین بہت زیادہ تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اگر خواتین کو میری کسی بات سے کوئی مسئلہ ہے ، تو میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں اور اپنی مذمت کرتا ہوں۔ میں افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ میرے کسی ایک لفظ کے سبب اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے ، تومجھے معاف کریں، میں شرمندہ ہوں اور اس پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ میں اپنے تمام الفاظ واپس لیتا ہوں، میں ہمیشہ خواتین کے حق میں رہا ہوں۔ میں نے ان کے مفاد میں بہت سے کام کیے ہیں۔