چنئی//) ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے تمل ناڈو کے جنوبی ویردھو نگر ضلع کے سری ولّی پتھور میں 21.63 کلوگرام کے دو ہاتھیوں کے دانت ضبط کئے ہیں۔
ڈی آر آئی نے کہا کہ یہ ضبطی منگل کی شام کو ایک مخصوص اطلاع کی بنیاد پر کی گئی تھی اور اس سلسلے میں تین لوگوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ آج یہاں ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ایک گروہ سری ولی پتھور کے قریب ہاتھی دانت کے دو ٹکڑوں کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جو کہ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے شیڈول I کے تحت آتے ہیں۔ اطلاع ملنے پر ایک منصوبہ بنایا گیا اور مقررہ جگہ پر پہنچ کر افسران نے تین افراد (فروشوں) کو ایک بڑا بیگ اٹھائے ہوئے دیکھا جن میں ہاتھی دانت کا شبہ تھا اور وہ مشکوک انداز میں برتاؤ کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ فوری طور پر اہلکاروں نے انہیں روکا اور تین افراد کو ہاتھی دانت کے دو تھیلوں کے ساتھ پکڑ لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 21.63 کلو گرام وزنی ہاتھی کے دو دانت وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ (ڈبلیو پی اے ) کے نئے ترمیم شدہ سیکشن 50 کے مطابق ضبط کیے گئے ہیں۔ ضبط شدہ دانتوں اور ڈبلیو پی اے کے تحت جرائم کے مرتکب تین افراد کو مزید ضروری کارروائی کے لیے محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا۔