دبئی//) ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز شوبھمن گل اور تیز گیند باز محمد سراج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین درجہ بندی میں ٹاپ پر پہنچ گئے۔
ہندوستان کے شوبھمن گل نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کوبچھاڑ کر 830 پوائنٹس کے ساتھ پہلی رینکنگ حاصل کر لی ہے۔ ویرات کوہلی بھی اب چوتھے اور روہت شرما چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں ون ڈے بالرز کی رینکنگ میں محمد سراج 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج 694 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
شوبھمن گل کے بعد پاکستانی اوپنر بابر اعظم تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 824 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک 771 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہیں 770 پوائنٹس کے ساتھ ویرات کوہلی نے اس ورلڈ کپ میں 500 سے زیادہ رنز بنا کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے، وہ روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وہ ڈی کاک سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں ۔ آسٹریلیا کے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر 743 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے 739 پوائنٹس ہیں۔
شریئس ائیر 17 مقام کی چھلانگ لگا کر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ دو میچوں میں شاندار بلے بازی کرنے والے پاکستانی اوپنر فخر زمان تین مقام کی چھلانگ کے ساتھ 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان کے اوپنر ابراہیم زدران چھ پائیدان کی چھلانگ لگا کر 12ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بالنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے کلدیپ یادو چوتھے نمبر پر ہیں۔ وہیں شاہین شاہ آفریدی اب پہلے نمبر سے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کلدیپ اور شاہین کے درمیان تین پوائنٹس کا فرق ہے۔