سرینگر//
موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیر کو جموں و کشمیر میں بدھ اور جمعرات کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ۸نومبر کو موسم ابر آلود لیکن خشک رہے گا لیکن دیر شام کے دوران جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
۹نومبر کو، محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور جموں و کشمیر کے اونچی علاقوں اور لداخ یونین ٹیریٹری کے چند مقامات پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا’’شمال مغربی حصوں اور اونچائی پر۴تا۵؍انچ برفباری کا امکان ہے، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ، رازدان پاس اور زوجیلا پاس سمیت سڑکوں پر جبکہ وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارش ہو گی‘‘۔
محکمہ کے مطابق موسم خشک رہے گا کیونکہ۱۰سے۱۶نومبر تک کسی بھاری بارش کا کوئی خاص امکان نہیں ہے۔
محکمہ کاکہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اگلے ۲۴گھنٹوں کے دوران خشک موسم جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ پیر موسم بنیادی طور پر صاف اور جزوی طور پر ابر آلود رہا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت۷ء۲ڈگری سیلسیس، قاضی گنڈ ۸ء۱‘ پہلگامنفی۳ء۰ کپواڑہ۲ء۱‘کوکرناگ ۲ء۴؍اور گلمرگ ۴ء۲ درج کیا گیا۔