ممبئی// محمد سمیع آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے جمعرات کو 33ویں میچ میں سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹ لے کر ون ڈے میچوں میں چار بار یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔
آج یہاں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جیسے ہی سمیع نےسری لنکا کے کُسن راجیتھا کو آؤٹ کیا، وہ ون ڈے کرکٹ میں چار بار پانچ وکٹ لینے والے پہلے ہندوستانی گیند باز بن گئے۔ اس سے قبل ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ 3،3 بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے تین بار پانچ وکٹ لینے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
سمیع کی جارحانہ بالنگ کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو 302 رنز سے شکست دی۔
محمد سمیع (18 رن پر پانچ وکٹ) اور محمد سراج (16 رن پر تین وکٹ) کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو 302 رن سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اب تک کی دوسری سب سے بڑی جیت درج کی ہے۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر 357 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری اننگز 55 رنز پر سمٹ گئی۔
یہ رنوں کے لحاظ سے سری لنکا کی اب تک کی دوسری سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل جنوری میں ہندوستان نے سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی تھی جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست تھی۔ اس سے قبل رواں ورلڈ کپ میں 25 اکتوبر کو آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد سری لنکا سب سے بڑے مارجن سے ہارنے والی ٹیم بن گئی تھی۔
شبھمن گل (92) اور وراٹ کوہلی (88) کے درمیان 189 رنز کی شراکت کے بعد شریاس ایر (82) کی شاندار اننگز کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف آٹھ وکٹوں پر 357 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا اننگز تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہوگئی۔ سری لنکا کے آٹھ وکٹ 29 رنز پر گر چکے تھے لیکن مہیش تھیکشنا (12 ناٹ آؤٹ) اور کسون راجیتھا (14) نے نویں وکٹ کے لیے 20 رنوں کا اضافہ کرکے سری لنکا دنیا میں سب سے کم اسکور کرنے والی اور سب سے بڑے مارجن سے ہار کا سامنا کرنے والی ٹیم بننے کے داغ سے بچالیا۔
سری لنکا کے تین بلے باز اپنی اننگز کی پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ تاہم پانچ بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ دو بلے باز صرف ایک رن ہی دے سکے۔