صاحب ایک بات تو طے ہے کہ نیشنل کانفرنس انتخابی موڑ میں آگئی ہے ا ور…اور سو فیصد آگئی ہے۔ اس کے نائب صدر ‘عمرعبداللہ کے آئے دن کے دوروں سے ا س کے واضح اشارے بھی مل رہے ہیں… عمرعبداللہ ان دنوں کپواڑہ دورے پر ہیں اور انہوں نے کپوارہ کا چپہ چپہ چھان مارا ہے… حتیٰ کہ یہ جناب ٹنگڈار تک بھی پہنچ گئے ہیں… اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے اس بات تک کا اعلان کیا کہ … کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں شمالی کشمیر کے حلقے سے محمد اکبر لون پارٹی کے امیدوار نہیں ہوں گے…عمر صاحب نے یہ تو نہیں کہا کہ لون صاحب کی جگہ کون لے گا… لیکن… لیکن عمر صاحب کا یہ بیان کافی ہے… اس بات کو سمجھنے کیلئے کافی ہے کہ این سی الیکشن لڑنے کیلئے کتنی بے تاب ہے … آپ اسے پر جوش بھی کہہ سکتے ہیں… این سی کی اس بے تابی پر تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے… لیکن…لیکن عمر صاحب انتخابی تیاریوں کے دوران جو باتیں کررہے ہیں اس پر اعتراض ہو سکتا ہے… ہمیں نہیں بلکہ بی جے پی کو ہو سکتا ہے اور… اور صاحب اس لئے ہو سکتا ہے کہ عمر صاحب کاکہنا ہے کہ بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں دس سیٹیں بھی نہیں ملے گیں… اتنا ہی نہیں بلکہ این سی کے نائب صدر کا یہ بھی فرمانا ہے کہ… کہ یہ دس سیٹیں بی جے پی اور اس کی اے ‘ بی اور سی ٹیم کو ملا کر بھی نہیں ملیں گی… یعنی عمر صاحب بی جے پی کو ہی نہیں بلکہ سجاد صاحب کی پیپلز کانفرنس ‘ بخاری صاحب کی اپنی پارٹی اور… اور آزاد صاحب کی ڈی پی اے پی کی بھی ہار کی پیشن گوئی کررہے ہیں… ہمیں عمر صاحب کی ان باتوں… ان پیشن گوئیوں پر بھی اعتراض نہیں ہے… اور … اور اس لئے بھی نہیں ہے کیونکہ عمر صاحب لوگوں سے ملتے رہتے ہیں… ان سے باتیں کرتے رہتے ہیں… ان کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہیں… لیکن بات ہماری نہیں ہے…بات بی جے پی کی اے ‘ بی اور سی ٹیم کی بھی نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ …کہ بات بی جے پی کی ہے کہ اس نے کچی گولیاں نہیں کھیلی ہیں… ۵؍اگست۲۰۱۹ کو اس نے جو کچھ بھی کیا…اس کے بعد یہ خود کو اُس پوزیشن میں… جموں کشمیر میں اُس پوزیشن میں دیکھنا پسند نہیں کرے گی جس پوزیشن کی عمر صاحب بات کررہے ہیں…بی جے پی ایسا نہیں ہونے دے گی اور… اور بالکل بھی نہیں ہو نے دے گی… اوراس لئے بی جے پی جموں کشمیر میں الیکشن… اسمبلی الیکشن ہونے نہیں دے گی … بالکل بھی نہیں دے گی ۔ ہے نا؟