نئی دہلی//ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مشہور کرکٹ کھلاڑی وی وی ایس لکشمن ان نایاب کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہندستان کے لئے اپنی بہترین خدمات انجام دیں۔ لکشمن کئی سالوں سے ہندستانی کرکٹ کا حصہ رہے ہیں۔ اس وقت وہ کرکٹ کی دنیا سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن آج بھی وہ کرکٹ کی دنیا کے پرانے کھلاڑیوں میں نظر آتے ہیں ۔وہ سچن تندولکر، راہل دراوڑ اور سورو گنگولی کی طرح اتنی شہرت تو حاصل نہیں کرسکے البتہ لکشمن ہندستانی ٹیم کے لئے یقیناً ایک قیمتی کھلاڑی ضرور ثابت ہوئے۔
ونگی پورپو وینکٹا سائی لکشمن یکم نومبر 1974 کو آندھرا پردیش میں پیدا ہوئے۔ لکشمن کی پیدائش وی شانتارام اور وی ستیہ بھاما کے ہاں ہوئی۔ وی وی ایس لکشمن آندھرا پردیش کے ایک نیاگی برہمن خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔لکشمن کا تعلق ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے سے ہے۔ اس کے والدین ڈاکٹر ہیں ۔ابتدائی تعلیم کے لیے وہ لٹل فلاور ہائی اسکول حیدرآباد گئے۔ لکشمن نے کچھ عرصہ میڈیکل سائنس کی تعلیم حاصل کی ۔ لیکن بعد میں انہوں نے کرکٹ کو اپنا پیشہ بنایا۔ہندستان کے بہت ہی خاص بلے باز لکشمن ہندوستان کے دوسرے صدر ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کے بھتیجے ہیں۔
لکشمن ہمیشہ ہندوستان کو مصیبت سے نجات دلانے والے بلے باز ثابت ہوئے۔لکشمن نے حیدرآباد کے لیے سال 1992–93 رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ میں پنجاب کے خلاف اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ انہوں نے 1994/95 دلیپ ٹرافی کے لیے ساؤتھ زون اسکواڈ میں جگہ بنائی اور انڈیا انڈر 19 کے لیے اپنی بہترین کارکرگی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم، وہ ٹورنامنٹ میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔ اسی سال لکشمن نے رنجی ٹرافی میں پانچ میچوں میں 532 کی اوسط سے 76 رنز بنائے۔