کراچی ///
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی گفتگو لیک کیے جانے پر سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پیغام میں وقار یونس نے سوال کیا ہے کہ یہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں آپ لوگ؟
اپنی پوسٹ میں وقار یونس نے لکھا ہے کہ یہ ایک نہایت ہی مضحکہ خیز عمل ہے، بابر اعظم ایک اثاثہ ہیں، ایسا مت کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان راشد لطیف کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین ذکاء اشرف، سی او او اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کپتان بابر اعظم کے میسج کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔
نمائندہ ’جنگ‘ سے بات چیت میں بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا کہ آج تک چیئرمین کو بابر اعظم نے فون ہی نہیں کیا ہے، چیئرمین کو بات کرنی ہوتی ہے تو وہ خود فون کر لیتے ہیں، کپتان سے اکثر سلمان نصیر ہی بات کرتے ہیں۔