نئی دہلی//
وزارت خزانہ کی ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر چیلنجوں کے باوجود اندرونی بنیادی مضبوطی کی وجہ سے موجودہ مالی سال۲۴۔۲۰۲۳کیلئے ہندوستانی معیشت کے امکانات روشن ہیں۔
وزارت کی جانب سے ماہ ستمبر۲۰۲۳کیلئے ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب مغربی ایشیا میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے اور جس سے غیر یقینی کی صورتحال بڑھ گئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگے کے حالات خام تیل کی قیمتوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں حکومتی بانڈز کی سپلائی میں مسلسل اضافے اور وہاں کی محدود مانیٹری پالیسی کی وجہ سے مالیاتی مارکیٹ کے حالات محدود رہ سکتے ہیں۔
اس میں گہا گیا ہے’’جیو پولیٹیکل حالات میں غیر یقینی صورتحال عالمی سطح پر (مارکیٹ میں) خطرے سے بچنے میں اضافہ کرتی ہے ۔ اگر حالات خراب ہوتے ہیں اور لمبے عرصے تک ایسے ہی رہے تو ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں‘‘۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مانگ میں سست روی سے ہندوستان کی بیرونی تجارت متاثر ہو رہی ہے ، لیکن اس محاذ پر صورتحال رواں مالی سال کے دوسرے نصف سے بہتر ہونے کا امکان ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کا تجارتی خسارہ نسبتاً کم سطح پر ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی ٹھیک ٹھاک ہیں۔ اس سے ہندوستان کا غیر ملکی اکاؤنٹ مضبوط نظر آتا ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں نجی کھپت کی مانگ کی مضبوطی حالیہ مہینوں میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کا ایک بڑا محرک رہا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ترقی کی حمایت کرنے والے کچھ دیگر عوامل بھی سامنے آئے ہیں۔’’ ان نئے ابھرتے ہوئے عوامل میں سرمایہ کاری کی طلب میں بتدریج مضبوطی ہو رہی ہے ۔ اب تک، سرمایہ کاری بنیادی طور پر مرکزی حکومت کے سرمائے کے اخراجات اور اس کی وجہ سے جڑنے ولے نجی کارپوریٹ سرمایہ کاری سے ہی طاقت مل رہی ہے ‘‘۔
رپورٹ کے مطابق یہ عنصر پہلے کی طرح برقرار ہے ، لیکن اب مکانات کی مانگ، مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہاؤسنگ لون کی پیشکش کے ساتھ، تعمیراتی سرگرمیوں اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں مدد ملی ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر کے ساتھ دوسرا عنصر صنعتی سرگرمیوں میں تیزی ہے ۔ یہ حالیہ اعداد و شمار اور معتبر ٹرسٹ سروے کی رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے ۔
اس میں کہا گیا ہے’’مضبوط اور ابھرتے ہوئے بینکنگ نظام اور مالیاتی منڈیوں کی مدد کے ساتھ کمپنیوں کی بیلنس شیٹ اور ان کی نئی سرمایہ کاری کی سرگرمی میں بہتری (ہندوستانی معیشت کے منظرنامہ ) کو روشن کرتی ہے ‘‘۔
ہندوستان کی ترقی پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تازہ ترین نظرثانی شدہ تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تخمینے عالمی غیر یقینی صورتحال اور تازہ جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے درمیان ہندوستانی معیشت کی بنیادی طاقت میں عالمی تجزیہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔